رنگ محل: چوری کے شبہ میں شہری پر تشدد، تیسری منزل سے پھینک کر مار ڈالا
لاہور (سٹاف رپورٹر) رنگ محل کے علاقہ میں چوری کے شبہ پر شہری کو مبینہ طور پر تیسری منزل سے پھینک کر قتل کر دیا گیا پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی جبکہ مقتول کے بیان پر باپ اور 2بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ معلوم ہوا ہے شاہ عالمی مین بازار میں ریاض کی دکان میں چوری ہوگئی شک کی بناء پر ریاض اور اس کے بیٹے حارث وغیرہ نے شیخوپورہ کے افضل نامی شہری پر چوری کا الزام لگاتے ہوئے اسے پکڑ کر پوچھ گچھ شروع کر دی اور پھر اپنے ساتھ لے گئے جہاں مبینہ طور پر افضل کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور مبینہ طور پر تیسری منزل سے نیچے پھینک دیا گیا جس سے افضل شدید زخمی ہو گیا اور ہسپتال میں گذشتہ روز دم توڑ گیا۔ ملزمان کے مطابق افضل نے خود تیسری منزل سے چھلانگ لگائی اور چوری کرنیوالے اپنے ساتھیوں کے نام نہیں بتائے۔ پولیس کے مطابق مقتول افضل کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔