• news

چنیوٹ: نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے امریکہ سے آئے پاکستانی نژاد قادیانی ڈاکٹر کو قتل کردیا

چنیوٹ + چناب نگر (نامہ نگاران) سرگودھا روڈ  چناب نگر قبرستان کے قریب امریکہ سے آئے پاکستانی نژاد قادیانی ڈاکٹر مہدی کو نامعلوم موٹرسائیکل سواوں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ڈاکٹر مہدی کا تعلق چناب نگر کے محلہ دارالرحمت سے تھا اور وہ امریکہ سے ہارٹ سپیشلسٹ کی تعلیم مکمل کرکے مقامی ہسپتال میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے پاکستان آئے تھے۔وہ چناب نگر قبرستان سے نکلے تو مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ 50 سالہ ڈاکٹر مہدی علی الصبح قبرستان میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دعا کرنے گئے تھے  قبرستان کے گیٹ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر دم توڑ گئے۔ ڈاکٹر مہدی علی قمر چناب نگر کے مشہور طاہر ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں محدود مدت کے لئے خدمات سرانجام دینے کے لئے 2روز قبل پاکستان پہنچے تھے۔ لواحقین میں اہلیہ کے علاوہ 3بیٹے شامل ہیں۔ قادیانی جماعت کے ترجمان سلیم الدین نے ڈاکٹر مہدی علی قمر کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر مہدی علی قمر کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن