• news

گجرات میں مسلم کش فسادات کرانا مودی کے سیاسی کیریئر کا سب سے منفی پہلو

نئی دلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 17 ستمبر 1950ء کو پیدا ہوئے۔ تریسٹھ سالہ نریندر مودی بھارت کے پندرہویں وزیراعظم ہیں۔ بچپن میں چائے کے سٹال پر والد اور بھائی کا ہاتھ بٹایا۔ انہوں نے 1971ء میں راشٹریہ سیوک سنگھ میں شمولیت کی۔ 1983ء میں آر ایس ایس کے ساتھ بی جے پی کی رکنیت بھی حاصل کی۔ 1988ء میں بی جے پی گجرات کے جنرل سیکرٹری بنائے گئے۔ 1998 میں بی جے پی کے جنرل سیکرٹری بنے۔ وہ 7 اکتوبر 2001ء کیشو بھائی پٹیل کی جگہ گجرات کے وزیراعلیٰ بنے۔ 27 فروری 2002ء کو گودھرا ٹرین جلائی گئی جس سے مسلم کش فسادات پھوٹ پڑے جس میں دو ہزار سے زائد مسلمان جاں بحق ہوئے۔ مسلم کش فسادات کرانا مودی کے سیاسی کیریئر کا سب سے منفی پہلو ہے۔ 2005ء میں مودی کو امریکی ویزا دینے سے انکار کیا گیا بھارت اور امریکہ تعلقات کشیدہ ہوگئے۔ اکتوبر 2008ء میں مودی کے کہنے پر ٹاٹا موٹر پلانٹ بنگال سے گجرات منتقل ہوگیا۔ 20 دسمبر 2012ء کو مودی لگاتار چوتھی بار گجرات کے وزیراعلیٰ بنے۔ 31 مارچ 2013ء کو بی جے پی کے فیصلہ ساز پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے۔ 9 جون 2013 ء کو بی جے پی کی سینٹرل الیکشن کمپین کمیٹی کے چیئرمین بنے۔ 16 مئی 2014ء میں بھارتی انتخابات میں بی جے پی نے بھاری اکثریت حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن