سعودی عرب کے وزیر عبدالعزیز الخویطر انتقال کر گئے
ریا ض (آن لائن) سعودی عرب کے تجربے کار بزرگ وزیر مملکت ڈاکٹر عبدالعزیز الخویطر انتقال کرگئے ہیں۔ان کی عمر نواسی برس تھی۔وہ سعودی عرب کے پانچ بادشاہوں کے ادوار حکومت میں وزیر رہے تھے۔عبدالعزیز خویطر 1925ء میں صوبہ القصیم کے علاقے عنیزہ میں پیدا ہوئے تھے۔انھوں نے ابتدائی اور ثانوی تعلیم سعودی عرب میں حاصل کی تھی۔اس کے بعد انھوں نے قاہرہ اور لندن کی جامعات سے تاریخ اور فلاسفی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی تھی اور وہ کسی برطانوی یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے ابتدائی سعودیوں میں سے ایک تھے۔وہ وزیر کی حیثیت سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے سعودی کابینہ کے واحد رکن تھے۔انھیں شاہ سعود کے دور حکومت میں 1950ء کے عشرے میں پہلی مرتبہ وزارت کا منصب سونپا گیا تھا۔اس کے بعد وہ شاہ فیصل ،شاہ خالد ،شاہ فہد اور شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی حکومت میں وزیر رہے تھے۔ان ادوار حکومت میں ان کے پاس زیادہ تر وزارت تعلیم کا قلم دان رہا تھا۔شاہ فیصل شہید نے ڈاکٹر خویطر کو قومی اثاثہ قرار دیا تھا۔