سٹرٹیجک شراکت مزید مضبوط بنائیں گے اوباما کی مودی کو مبارکباد
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) وائٹ ہائوس کے مطابق امریکی صدر اوباما نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ الیکشن کے بعد فون پر گفتگو میں صدر اوباما اور وزیر اعظم مودی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتیں امریکہ اور بھارت میں گہرے تعلقات قائم ہیں دونوں ممالک نے اپنے عوام اور دنیا بھر کے لئے اقتصادی ترقی کے مواقع، آزادی اور سلامتی کا عزم کر رکھا ہے۔ ہم نئی بھارتی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں آنے والے دنوں میں ہم بھارت اور امریکہ سٹرٹیجک شراکت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا اب کہنا ہے کہ مودی کو امریکہ آنے میں کوئی دقت نہیں ہو گی انہیں بطور سربراہ مملکت سپیشل اے۔ون ویزا دیا جائیگا واضح رہے اس سے قبل امریکہ نے مودی کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی۔