• news

لاہور میں ڈاکے، گوجرانوالہ: محنت کش کی جیب سے کم پیسے نکلنے پر قتل کردیا

لاہور، گوجرانوالہ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) لاہور کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر ایک شخص کوفائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ جبکہ گوجرانوالہ میں مزاحمت پر محنت کش کو قتل کردیا۔ باغبانپورہ کے علاقہ میں سرفراز مقامی بنک سے8لاکھ روپے کیش نکلو ا کرآ رہا تھا، اسے ڈاکوئوںنے روک کر 8لاکھ روپے رقم لوٹ لی جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر اسے فائرنگ کر کے زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس اے کے علاقہ سپر ٹائون کے عرفان کے گھرگھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر12لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے۔پولیس کال کرنے کے باوجود تاخیر سے پہنچی جس پر اہل علاقہ نے پولیس کیخلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔ڈاکوؤں نے فیکٹری ایریاکے رہا ئشی عاصم کے گھر سے 9لاکھ روپے، نشتر کالونی کے رہا ئشی شاہد مصطفی کے گھر سے 7لاکھ روپے، با غبانپورہ گلبہار ٹائون کے منور کے گھر سے 5 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ڈاکوؤں نے جو ہرٹائون میں ڈاکٹرز ہسپتال کے سامنے خالد عزیز سے 19لاکھ روپے کے زیورات اور نقدی،لیاقت آباد میں محمود اور اسکی فیملی سے 6لاکھ روپے،ستوکتلہ پنجاب سوسائٹی میں ارشد اوراسکی فیملی سے اڑھائی لاکھ روپے، فیکٹری ایریا زمان کالونی میں خالد اور اسکی فیملی سے تین لاکھ روپے، ریس کورس میں ایوان تجارت کے سامنے ندیم اور اسکی فیملی سے اڑھائی لاکھ روپے،جوہرٹائون میں فرخ اور اسکی فیملی سے ایک لاکھ دس ہزار روپے کی نقدی و زیورات ،نواب ٹائون سی بلاک میں عبید اور اسکی فیملی سے 50ہزار روپے کی نقدی، موبائل فون و زیورات لوٹ لئے۔ڈاکوؤں نے چوہنگ میں ایک موبائل شاپ سے چارلاکھ17ہزارروپے کی نقدی و موبائل فون ،گرین ٹائون میںایک میڈیکل سٹور سے دو لاکھ 70 ہزار، شمالی چھائونی روہی نالے پر عمران سے ایک لاکھ، ہربنس پو رہ میں ایک جنرل سٹور سے 70 ہزار، گلشن راوی ایچ بلاک میں اعجازسے 36ہزار، ستوکتلہ میں رانا عمران کی الیکٹرک شاپ سے 10 ہزار، ساندہ میں عباس سے 5ہزارروپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔چوروں نے اقبال ٹائون سے مظہر ، ریس کورس سے ارشد، غازی آباد سے شعیب،اسلام پورہ سے شاہد کی کاریں جبکہ د اتادربار سے فیاض ، شاد باغ سے عاشق، اچھرہ سے علی رضا، شفیق آباد سے نذیر ، شمالی چھائونی سے ناصر ، گارڈن ٹائون سے جاوید ، گوالمنڈی سے قیصر کی مو ٹر سا ئیکلیں چوری کر لیں۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں منڈیالہ وڑائچ میں ڈاکوئوں نے واردات کے دوران جیب سے پیسے کم نکلنے پر دو بچوں کے باپ محنت کش کو فائرنگ کرکے موت کی نیند سلا دیا۔ انور مسیح اپنے اہلخانہ کی کفالت کرنے کیلئے بھٹہ خشت پر محنت مزدوری کرتا تھا جو حسب معمول سائیکل پر سوار ہو کر بھٹہ خشت پر جا رہا تھا راستے میں اسے موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے دن دیہاڑے روک کر اس سے زبردستی تین سو روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا جبکہ اس دوران ڈاکوئوں نے جیب سے پیسے کم نکلنے پر انور کو تشدد کا نشانہ بنایا تو اس نے مزاحمت کر دی جس پر ڈاکوئوں نے انور کو فائر مار کر شدید زخمی کر دیا اور خود موقع سے فرار ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں کچھ دیر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔

ای پیپر-دی نیشن