• news

ترقیاتی بجٹ 1310 ارب کا ہوگا، لاہور کراچی موٹروے کیلئے 45 بلین منظور

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے 1310 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کرلیا گیا۔ 525 ارب وفاقی ترقیاتی منصوبوں اور 650 ارب روپے صوبوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ احسن اقبال نے بتایا کہ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کراچی لاہور موٹروے کیلئے 45 ارب کی منظوری دیدی۔ پاور سیکٹر کیلئے 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے منصوبوں کیلئے 163 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ میلینئم ڈویلپمنٹ گولز کیلئے 12 ارب 50 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں حکومت نے پیپلز ورکس اور تعمیر پاکستان پروگرام ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ نئے مالی سال میں برآمدات کا ہدف 27 ارب ڈالر مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ نئے مالی سال میں اقتصادی شرح نمو کا ہدف 3.1 ، سرمایہ کاری کا 13.7 فیصد، قومی بچت کا 14.6 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی پروگرام پر کوئی کٹ نہیں لگایا جائے گا۔ اجلاس میں 6 اور 7 سال سے زیر التوا منصوبے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پسماندہ علاقوں کے لئے اربن پلاننگ اینڈ پالیسی سینٹر قائم کرنے کی تجویز ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے پروگرام شروع کیا جائے گا۔ صحافیوں کے تربیتی پروگرام کے لئے ڈھائی کروڑ روپے مختص ہوں گے۔ قومی نصاب کی بہتری کے لئے 5 کروڑ روپے رکھے جائیں گے۔ تعلیمی بورڈ کے لئے ڈھائی کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ بجٹ میں پلاننگ کمیشن کے اندر ڈیلیوری یونٹ قائم کیا جائے گا۔ داسو ڈیم کے لئے 3 ارب 40 کروڑ روپے رکھے جائیں گے۔ بجٹ میں ایک ہزار 24 ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ کی تجویز ہے۔ نئے مالی سال میں 303 نئے ترقیاتی منصوبے شروع ہوں گے۔ علاوہ ازیں منصوبہ بندی کمیشن نے دو روز میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے 74 ارب روپے جاری کردیئے۔ وزارت منصوبہ بندی اور ترقیات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے 425 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جس میں سے مزید 74 ارب روپے جاری ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 مئی کو اینول پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 کھرب 75 ارب روپے کی منظوری متوقع ہے۔ کل پی ایس ڈی پی میں سے وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 525 ارب اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 650 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ نیلم جہلم منصوبے کے لئے 14 ارب روپے، کراچی لاہور موٹروے منصوبے کی اراضی کے لئے 25 ارب 50 کروڑ روپے، دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ کی اراضی کے لئے 10 ارب 50 کروڑ روپے، راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کے لئے 16 ارب روپے اور مری، مظفر آباد ریلوے منصوبے کے لئے 2 ارب روپے جاری کردیئے گئے۔ پلاننگ کمیشن کا کہنا ہے کہ مزید فنڈ نئے مالی سال کے بجٹ میں جاری کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن