ہائیکورٹ: پولیس نے خاتون کی پٹرول کی بوتل عدالت میں لیجانے کی کوشش ناکام بنا دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں مبینہ طور پر خاتون کی پٹرول کی بوتل کے ساتھ کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی جس کے بعد خاتون نے آہ و زاری شروع کردی۔ گزشتہ روز گوجرانوالہ کی خاتون آسیہ بی بی مسٹر جسٹس کاظم رضا شمسی کی عدالت میں پیشی کے لئے آئی جہاں اس کے خاوند بابر کے قتل کے ملزموں کی درخواست ضمانت زیر سماعت تھی۔ خاتون کے ہاتھ میں مبینہ طور پر پٹرول کی بوتل دیکھ کر اہلکاروں نے اسے کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کے خاوند کے قاتلوں کو پولیس نے ابھی تک گرفتار نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ اور اس کے بچے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ انصاف نہ ملا تو وہ انتہائی اقدام سے بھی گریز نہیں کرے گی۔