• news

طویل لوڈ شیڈنگ جاری، لاہور میں مظاہرے، کراچی میں گاڑیوں پر پتھرائو

لاہور+ کراچی (آئی این پی+ نامہ نگاران+ کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کیخلاف کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور مظاہرین نے احتجاجاً پتلے نذر آتش کئے۔ کراچی میں مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھرائو کیا اور الیکٹرک دفتر میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاہور  میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا ’’کچومر‘‘ نکال دیا جبکہ سوموار کے روز لاہور میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر میں درجنوں احتجاجی مظاہرے ہوئے، شاہدرہ اور اچھرہ کے علاقے میں شہریوں نے احتجاجاً پتلے بھی نذر آتش کئے  اور وفاقی حکومت اور لیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ تاجروں نے آج شہر میں بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کی دھمکی دیدی۔ لیسکو کی جانب سے تعمیراتی کام کو جواز بناتے ہوئے لاہور کے درجنوں علاقوں میں صبح 7بجے سے لے کر سہ پہر 3بجے تک بجلی بند رکھی جس کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث گرمی کی شدت نے شہریوں کا کچومر نکال دیا جس پر شہری سارا دن مختلف علاقوں میں حکومت کے خلاف احتجاج کرتے رہے ابھی عوام پہلے لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا تھے کہ لیسکو نے آج منگل کے روز بھی عنایت پورہ ، بیدیاں روڈ ، غازی آباد، ڈیفنس کے تمام فیز ، فتح گڑھ ، غازی آباد ،باٹا پورسمیت فیروز پور روڈ سے ملحقہ 10گرڈ اسٹیشنوں میں صبح 7بجے سے لے کر سہ پہر 3بجے تک بجلی کی مکمل بندش کا اعلان کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں جبکہ شب معراج کے موقع پر بھی بجلی غائب رہی جس کے باعث لوگوں کو عبادات میں شدید دشواری کا سامنا رہا اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ پانی بھی غائب رہا۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور گاڑیوں پر پتھرائو کیا اور الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور توڑپھوڑ کی۔ علاوہ ازیں 220کے وی کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی جس کے باعث کراچی کے بیشتر علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق شب معراج پر حکومت کی جانب سے اعلانات کے باوجود مختلف مقامات پر بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا جس سے عبادت کرنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ شدت اختیار کر چکی ہے، شدید گرمی کے ساتھ بجلی 4-4گھنٹے کے لئے غائب رہی۔ ادھر کراچی کے علاقے لانڈھی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر لوگوں نے ٹائر جلاکر شدید احتجاج کیا، احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے الیکٹرک کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی اور گاڑیوں پر پتھرائو بھی کیا۔ ادھر ڈیرہ اللہ یار میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہو سکا، درجہ حرارت 51سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت بھی رہی۔ ڈیرہ اللہ یار شہر کے جعفر اور سٹی فیڈر میں 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن