• news

اوگرا کیس: توقیر صادق سمیت11 ملزموں پر فرد جرم عائد، گیلانی ، پرویز اشرف کی 4 جون کو طلبی

اسلام آباد (نوائے وقت  رپورٹ+ ایجنسیاں) احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن میں توقیر صادق سمیت 11 ملزموں پر فردجرم عائد کر دی ہے۔ ملزموں نے  صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ ایک ملزم مرزا محمود ایڈووکیٹ کو ثبوت نہ ہونے پر ریفرنس سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی کو 4 جون کو عدالت میں طلب کر لیا گیا۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی، سینئر پراسیکیوٹر نیب راجہ خرم اعجاز نے موقف اختیار کیا کہ ملزموں کے خلاف گواہوں اور ثبوتوں سمیت تمام قانونی ضابطے پورے کر دیئے گئے ہیں اور فردجرم عائد کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کی شہادتیں طلب کر لیں۔ جن ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں عبدالرشید لون، ارسلان اقبال اور یوسف جے، میر کمال فرید بجرانی، جواد جمیل، عقیل کریم ڈھیڈی، ضیا، سکندر حیات میکن اور ظہیر صادق شامل ہیں۔ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور مفادات حاصل کرنے کا الزام ہے۔ جس کے مطابق انہوں نے اوگرا میں غیرقانونی ترقیاں، تقرریاں بھی کیں، غیرقانونی طور پر سی این جی سٹیشنوں کے لائسنس جاری کئے۔ سابق چیئرمین اوگرا تقرری کیس میں دونوں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔ راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی سمیت 6 ملزموں پر فردجرم عائد کرنے کیلئے 4 جون کی تاریخ مقرر کی ہے۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت بھی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ دوران سماعت راجہ پرویز اشرف کے وکیل کی جانب سے درخواست پر کام کے لئے مزید وقت طلب کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن