خیبر پی کے میں پاور پراجیکٹس کے ٹینڈرز میں اربوں کی بے ضابطگیاں ہوئیں: ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل
اسلام آباد (نوخیز ساہی/ دی نیشن رپورٹ) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے 365 مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹس کے ٹینڈرز جاری کرنے میں اربوں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا ہے۔ ہائیڈل پاور پراجیکٹس لگانے کیلئے 5 ارب روپے کے ٹینڈرز من پسند افراد کو دیئے گئے جو خیبر پی کے پروکیورمنٹ رولز کی خلاف ورزی ہے۔ خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو ایک خط لکھ کر اس معاملے میں مداخلت کا کہا گیا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین سہیل مظفر نے پرویز خٹک کو لکھے گئے اپنے خط میں واضح کیا کہ پختونخواہ ہائیڈل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (فائیڈو) کے اس پراجیکٹ میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے رولز کی خلاف ورزی کی گئی۔ یہ اعتراضات وفاقی حکومت کی پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجیز (پی سی آر ای ٹی) نے اٹھائے۔ پی سی آر ای ٹی سمیت 18 شرکاء کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ فائیڈو نے پہلے ان شرکاء کا نام جاری کرنے سے گریز کیا تاکہ من پسند امیدواروں کو ٹینڈر دیئے جا سکیں۔ 26 مارچ کو جب من پسند امیدواروں کے کاغذات نامکمل پائے گئے تو انرجی سیکرٹری نے فرم کے شیورٹی بانڈز فراہم کئے جو 90 دن پہلے ہی ختم ہو چکے تھے۔ جب ٹینڈر پی سی آر ای ٹی کے حق میں چلا گیا تو نامعلوم وجوہات کی بنا پر اسے منسوخ کر دیا گیا اور پھر ایک نیا ٹینڈر جاری کر دیا گیا۔ اس سب کا مقصد پی سی آر ای ٹی کو باہر کرنا تھا۔