• news

59لاکھ کے ڈاکے، مزاحمت پر 3 سکیورٹی گارڈ‘ پولیس مقابلے میں گوالہ زخمی

لاہور+ رائے ونڈ (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت پر تین افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ کوٹ رادھا کشن روڈ پر ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان مقابلے میں ایک گوالہ زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی میں7 ڈاکوئوں نے شعیب کے گودام میںگھس کر سکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں کو رسیوں سے باندھ دیا اور 5لاکھ 10ہزار روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ سکیورٹی گارڈزنے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے تین سکیورٹی گارڈز نواز، جاوید اور محمد کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ جوہر ٹائون میں چوروں نے واصف اسماعیل کے گھر کے تالے توڑ کر 27لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اوردیگرسامان چوری کر لیا۔ ڈاکوؤں نے شمالی چھائونی میں غلام الحق کی فیملی سے8لاکھ روپے مالیت، فیکٹری ایریا میں سہیل امجد کے گھر میںگھس کر5لاکھ روپے مالیت، سبزہ زار میںرافیعہ سے3 لاکھ روپے مالیت،کاہنہ میں ایڈووکیٹ اور اس کی بیوی سے2 لاکھ 45ہزار روپے مالیت  کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوںنے نواں کوٹ میں مدینہ میڈیکل سٹور میںگھس کر پونے 5لاکھ روپے اور موبائل فون، شفیق آباد میں عارف سے موٹر سائیکل ،67ہزار روپے اور موبائل فون، ہربنس پورہ میں عمران سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون ، سول لائن میں عبدالرحمان کے میڈیکل سٹور سے 80ہزار روپے اور موبائل فون، جوہر ٹائون میں احسن ریاض سے 44ہزار روپے اور موبائل فون ،گلشن اقبال میں ذوالفقار سے 32ہزار روپے اور موبائل فون ، داتا دربار میں خلیل سے 30ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے فیصل ٹائون سے مظہر حسین، ماڈل ٹائون سے شاہد منیر، نواب ٹائون سے اعتزاز، ٹائون شپ سے ناصر ، مصطفی آباد سے وقارکی کاریں، نواں کوٹ سے گل داد خان کا رکشہ ، مزنگ سے عمران ، گلشن راوی سے ناصر ، سمن آباد سے شان علی ، وحدت کالونی سے احسان ، ٹائون شپ سے عتیق الرحمان ، سبزاہ زار سے رفیق ،جنوبی چھائونی سے مبارک ،مصطفی آبادسے شاہد،پرانی انارکلی سے مبارک کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں ۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی تو فائرنگ شروع کر دی۔ راہگیر گوالہ مبین گزر رہا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا جسے ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن