• news

وزیراعظم اور شہبازشریف آج فیصل آباد میں روئی مسعود ٹیکسٹائل سمیت اہم منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف آج28مئی کو فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں چین کی مدد سے 300 میگاواٹ بجلی کے منصوبے اور روئی مسعود ٹیکسٹائل پارک میں 200ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے بننے والی دنیا کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل ملز اور گٹ والا موڑ فیصل آباد سے ساہیانوالہ موٹر وے انٹر چینج تک دو رویہ 7ارب روپے کی لاگت سے بنائے جانی والے کینال ایکسپریس وے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور اس موقع پر فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں تقریب کے شرکاء اور عوام سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف یوم تکبیر پر کئے جانے والے پاکستان کے 28مئی 1998ء میں ایٹمی دھماکوں پر بھی روشنی ڈالیں گے اور فیصل آباد کے ترقیاتی مزید منصوبوں کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کے پاور پلانٹ اور ٹیکسٹائل یونٹ میں 35ہزار سے زائد افراد کو روز گار ملے گا اورکینال ایکسپریس وے کی تعمیر سے فیصل آباد کی ترقی میں انقلاب آجائے گا۔ علاوہ ازیں ڈی سی او نورالامین مینگل اور سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر حیدر اشرف نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ساہیانوالہ روئی مسعود ٹیکسٹائل پارک کے سنگ بنیاد کے موقع پر سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے دو روز قبل بھی سپیشل برانچ اور ٹیکنیکل سٹاف کی ٹیم نے متوقع جلسہ گاہ کی سویپنگ کی۔ جلسہ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک حصہ پبلک کیلئے ہوگا جبکہ دوسرے حصہ میں مہمان اور دیگر وفود قیام کریں گے ایلیٹ فورس اور کوئک رسپانس فورس کی ٹیمیں وی آئی پی اور مہمان وفود کے ایریا کو کارڈن کرے گی، موبائل جیمرز اور حساس آلات سے لیس گاڑیاں مواصلاتی نظام کو مانیٹر کرتی رہے گی، میٹنگ پوائنٹ میں مخصوص افراد کو جانے کی اجازت ہوگی جبکہ پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے افراد کو بھی باقاعدہ سپروائزری افسر بریفنگ دینے کے بعد ڈیوٹی پر الرٹ کریں گے۔ ویڈیو کیمرہ کے ذریعے تمام افراد پر نظر رکھی جائے گی، سکیورٹی پلان کے مطابق آئوٹر کارڈن اور انر کارڈن میں کسی کو چیک کئے بغیر جانے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ موسٹ انر کارڈن میں صرف وزٹنگ کارڈ اور شناخت نمایاں کرنے والے ان افراد کو اجازت ہوگی جن کی شناخت حساس اداروںکے ذریعے متعلقہ ایجنسیوں کو فراہم کر دی گئی ہے۔ ایک ایس ایس پی، 5 ایس پی،11 ڈی ایس پی، 28 انسپکٹر، سب انسپکٹر 45، اسسٹنٹ سب انسپکٹر 96 اور 1216پولیس اہلکار جلسہ میں ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکیہ ایلیٹ فورس کی 14ٹیمیں علاقے میں پیدل اور موبائل گشت کرتی رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن