شمالی وزیرستان: شدت پسند گروپوں کے درمیان جھڑپ‘ 4 جاں بحق‘ 3 زخمی
میران شاہ (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں شدت پسند گروپوں کے درمیان جھڑپ میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال توندہ درہ میں رات گئے شدت پسندوں کے دو گروپوں میں جھڑپ ہوئی، جس میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد شدت پسند قریبی پہاڑوں کی جانب فرار ہو گئے۔آن لائن کے مطابق شمالی وزیرستان میں بمباری کے باعث 9 ہزار سے زائد افراد نے نقل مکانی کر لی ہے ۔ جبکہ مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرینگے جن کیلئے خصوصی خیمہ بستیاں ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم کی جائیگی۔ کمشنر بنوں ڈویژن کی جانب سے ارسال کردہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ، ڈی جی پی ڈی ایم اے اورڈی جی ایف ڈی ایم اے کو ارسال کردہ اعداد و شمار کے مطابق میر علی اور میرانشاہ میں عسکریت پسندوں کی جانب سے جاری آپریشن کی وجہ سے 9158 افراد نے نقل مکانی کی ہے۔ مہمند ایجنسی میں آج بروز بدھ صبح 6 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔