• news

ایٹمی صلاحیت 1984ء میں ہی حاصل کر لی تھی: ڈاکٹر عبدالقدیر

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) نامور ایٹمی سائنسدان و محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 ء کو پاکستان نے بھارت کے 5 دھماکوں کے مقابلے میں 6 دھماکے کر کے پاکستان کو ایک ’’محفوظ ملک‘‘ بنا دیا لیکن افسوس صد افسوس پاکستان ایک فلاحی ریاست نہ بن سکا۔ میں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے تیسری بار برسراقتدار آنے کے بعد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کچھ تجاویز بھجوائیں لیکن کوئی رسپانس نہیں ملا حالانکہ میں سائنس و ٹیکنالوجی اور سول ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں ملک کی بلامعاوضہ خدمت کر سکتا ہوں میں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا غیر ملکی آقاؤں کے دسترخوان کے خوشہ چینوں نے مجھے قید تنہائی میں ڈال دیا۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اپنے وسائل سے شروع کیا گیا اس میں چین اور شمالی کوریا کی کوئی معاونت شامل نہیں۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یوم تکبیر کے موقع پر ’’نوائے وقت‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو‘ جنرل ضیاء الحق‘ غلام اسحاق خان‘ آغا شاہی‘ بے نظیر بھٹو‘ محمد نواز شریف‘ جنرل مرزا اسلم بیگ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن