عمران صرف پنجاب میں دھاندلی کا رونا روتے ہیں، خیبر پی کے کا ذکر نہیں کرتے: حمزہ شہباز
لاہور+ پنڈی بھٹیاں (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان صرف پنجاب میں دھاندلی کا رونا روتے ہیں خیبر پی کے کا ذکر نہیں کرتے۔ عمران خان میں سپورٹس مین سپرٹ ہی نہیں بلکہ سٹیمنا کی بھی کمی ہے۔ ابھی تو ہماری اننگز کا آغاز ہوا ہے اور انہوں نے پیڈ باندھ کر اپنی باری شروع کرنے پر اصرار شروع کردیا ہے۔ عمران خان فیصل آباد اور سیالکوٹ میں جلسے کررہے ہیں اور ہماری حکومت خنجراب تاگوادر اکنامک کوریڈور اور لاہور تا کراچی موٹروے کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ عمران خان نے خیبر پی کے کے عوام سے کیا ہوا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا اور عوامی جلسوں میں ان کے حواری مخالفین کے خلاف غیراخلاقی زبان استعمال کرکے نوجوانوں کا کردار خراب کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنڈی بھٹیاں میں حلقہ پی پی 107میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری سرفراز حسین بھٹی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا خواب اب تک پورا نہیں ہوا تو اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں۔ عمران خان کو ایجی ٹیشن کی سیاست ترک کرکے ایک میچور سیاستدان ہونے کا ثبوت دینا چاہئے اور خیبر پی کے میں ملے ہوئے مینڈیٹ کے مطابق عوام کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔ حمزہ شہباز شریف نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان خیبر پی کے میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور کیا انہوں نے صوبے کے تمام مسائل حل کردیئے ہیں کہ اب وہ دوسرے صوبوں کے مسائل حل کرنے کی مہم پر چل نکلے ہیں۔ عمران خان نے میرے خیال میں خیبر پی کے میں ایک کلومیٹر لمبی سڑک بھی بنائی ہو تو ان کو لیڈر مان لیں گے۔ فیصل آباد میں جب عمران خان کے حواری غیرشائستہ زبان استعمال کررہے تھے تو وہ پیچھے بیٹھے خاموشی سے تماشا دیکھ رہے تھے۔ انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ شرفاء کی پگڑی اچھالنے والوں کو عوام ہمیشہ مسترد کر دیتے ہیں۔ ہم نے نوجوانوں کو کردار سازی کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ سکیم، سستے قرضوں اور یوتھ فیسٹیول کے ذریعے اعتماد اور اعلیٰ تربیت کی دولت بخشی ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ سے اسی سال 660 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔ ساہیوال اور گوادر کے پاور پلانٹس بھی توانائی کی پیداوار کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں جبکہ چین نے پاکستان میں 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان نوجوانوں کو ورغلانا چاہتے ہیں مگر وزیراعظم نواز شریف نوجوانوں کے مسائل کا حقیقی حل پیش کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا امیدوار اس حلقے سے جیت کر شہریوں کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر بھرپور توجہ دے گا۔