• news

نیٹو فورسز کو فضائی راستے کے استعمال کی اجازت نہیں دی: سیکرٹری دفاع

چمن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹر ی دفاع  لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف  یاسین ملک  نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، پاک افغان سرحد فوج کے حوالے نہیں کریں گے، سرحد پر سے تمام غیر قانونی کراسنگ پوائنٹس بند کر دیئے ہیں، نیٹو فورسز کو فضائی راستے کی استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دی، خیرسگالی طور پر کراچی میں پھنسی ہوئی افغان سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو ہوائی راستے سے لے جانے کی اجازت دی ہے۔ پاک افغان سرحد پر صحافیوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ چمن پاک افغان سرحد کو آرمی کے حوالے نہیں کیا جا رہا ہے اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں ایف سی بہتر طریقے سے سرحد پر سیکورٹی اقدامات کے سلسلے میں بہتر کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پاک افغان سرحد پر ایشین بنک کے تعاون سے جدید پراسیسنگ زون بنایا جا رہا ہے۔ پراسیسنگ زون کے ذریعے تمام ادارے بارڈر پر ون ونڈو آپریشن کے تحت کام کرینگے۔ پاک افغان سرحد پر دوطرفہ تجارت، ٹریکنگ، ٹرانزٹ اور امپورٹ ایکسپورٹ کو ریگولرائز کرنے کیلئے جدید اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن