تحریک انصاف جلسے کی ناکامی کا غصہ نصیبو لعل کی بجائے مجھ پر نکال رہی ہے: رانا ثناء
لاہور (خصوصی نامہ نگار) رانا ثناء نے کہا ہے کہ تحریک انصاف دھوبی گھاٹ کے جلسے کی ناکامی پر اپنا غصہ نصیبولعل پر نکالنے کے بجائے مجھ پر نکال رہی ہے۔ عمران خان ملک دشمنوں کے آلہ کار بن کر ملک میں انارکی اور مایوسی پھیلانے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ 2002ء میں بھی وہ مشرف کے دورآمریت کی پارلیمنٹ کا حصہ رہے اس وقت انتخابی اصلاحات کی بات کیوں نہ کی، ہم اپوزیشن اراکان کو فنڈز نہیں دے سکتے وہ صرف ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کریں ہم سکیمیں مکمل کروائیں گے، تحریک انصاف کا دھاندلی کا رونا رونا عادت بن چکی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں بھی اپوزیشن کے پاس شور اور ہنگامہ آرائی کے سوا کوئی کام نہیں۔ عمران خان قوم کو ٹینشن دینا چاہتے ہیںجس کا متبادل صرف انٹرٹینمنٹ ہے۔ عمران خان کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اپنی آنکھوں کا معائنہ کرائیں۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں فرق نظر آ جائیگا۔ مایوسیوں اور بدحواسیوں کے شکار عمران خان کو تقاریر اور میڈیا پر عوام کا وقت ضائع کرنے کے سوا اور کوئی کام نہیں ہے۔ اصل مسئلہ دھاندلی نہیں بلکہ تحریک انصاف کے رہنما ملک کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتے ہیں۔