• news

کرپٹ سیاسی کلچر غیر منصفانہ نظام سے پاکستان کی سلامتی کو شدید خطرہ ہے: الطاف

لندن (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام کو بچانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ بے لگام سرمایہ دارانہ، غیر منصفانہ نظام اورکرپٹ سیاسی کلچر و موروثی سیاست کاسلسلہ جاری رہا تو پاکستان کی سلامتی و بقا کو شدید خطرہ لاحق ہوگا۔ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے اجلاس میں اراکین سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور کرپشن عروج پر ہے، ملک میں انصاف کا نظام ہچکولے کھا رہا ہے اور انصاف کے موجودہ نظام پر سے لوگوں کا اعتماد اٹھ رہا ہے، ایسی صورت میں پاکستان کی سرزمین کو جرات مند، بہادر اور مخلص قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندگی اورپاکیزگی ایک دوسرے کی ضد ہیں، پاکستان پاک ہے اور فرسودہ جاگیردارانہ، وڈیرانہ، غیرمنصفانہ نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر گندگی ہے لہٰذا پاکستان کو محفوظ، مستحکم، روشن اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے ان گندگیوں کا خاتمہ لازمی ہے۔ پاکستان کی سرزمین ایک ماں کی حیثیت رکھتی ہے جو اپنی غیرت و حمیت اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لئے بہادر بیٹوں کی تلاش میں ہے اور چاہتی ہے کہ اس کے بہادر بیٹے پاکستان کو دیمک کی طرح کھانے والی برائیوں سے نجات دلانے کے لئے علم جہاد بلند کریں۔

ای پیپر-دی نیشن