محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پراپرٹی ٹیکس کا ہدف پورا کرنے میں ناکام
لاہور (احسان شوکت سے) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب رواں مالی سال میں پراپرٹی ٹیکس کا ہدف پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ 8 ارب روپے کے ہدف کی نسبت ابھی تک صرف ساڑھے چار ارب روپے پراپرٹی ٹیکس اکٹھا کیا جاسکا ہے۔ افسر اور عملہ ٹارگٹ پورا کرنے کی بجائے سارا زور شہریوں سے مک مکا کرکے اپنی جیبیں بھرنے پر صرف کررہے ہیں۔ محکمہ کے عملہ کے ارکان شہریوں کو ڈرا دھمکا کر، گھروں سے اٹھا کر، جائیدادوں کو سیل کرکے، بھاری جرمانے، جائیدادوں کی نیلامی اور قرقی کے نوٹس جاری کرکے مک مکا پر مجبور کرتے ہیں۔ شہریوں کو کئی گنا زیادہ پراپرٹی ٹیکس کے چالان فارم بھجوا کر انہیں پریشان اور ہراساں کیا جاتا ہے۔ عملہ نے شہریوں پر شکنجہ کسنے کے لئے غنڈوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ محکمہ کی طرف سے جاری کردہ چالان نوٹسز کو چیک کریں تو 90 فیصد لوگوں کو غلط رقم کے چالان ثابت ہوں گے۔ مگر خزانے میں بہت تھوڑی رقم جمع کرائی جاتی ہے جس کی وجہ سے حکومت کا ہدف تو پورا نہیں ہورہا مگر ایکسائز عملہ کا اپنا ٹارگٹ پورا ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ کے افسر غلط ٹیکس بھیجنے پر شہریوں کی جانب سے کی جانے والی اپیلیں بھی نہیں سن رہے جس پر شہری اپنی جان خلاصی کرانے کے لئے محکمہ ایکسائز عملہ سے مک مکا پر مجبور ہیں۔