گوجرانوالہ: پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کے اہل خانہ سیشن کورٹ میں گتھم گتھا، موقع غنیمت جا ن کر لڑکا، لڑکی فرار
گوجرانوالہ (نما ئندہ خصو صی) گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے والا جوڑا سیشن کورٹ میں گھر والوں کے ہتھے چڑھ گیا، لڑکے اور لڑکی کے ورثاء آپس میںگتھم گتھا ہو گئے جبکہ لڑکا اپنی محبوبہ کو لے کر فرار ہو گیا۔ فیروزوالا کے رہائشی قیصر اور رضیہ نے گذشتہ ماہ گھر والوں سے بھاگ کر پسند کی شادی کر لی تھی جس پر رضیہ کے ورثاء نے قیصر اور اسکے دو بھتیجوں کے خلاف رضیہ کے اغواء کا مقدمہ درج کروا رکھا تھا، گذشتہ روز عدالت میں پیشی کیلئے دونوں پارٹیاں سیشن کورٹ میں پہنچیں جہاں رضیہ نے اپنے بیانات قلمبند کروانا تھے کہ اپنی بیٹی کو دیکھ کر رضیہ کے اہل خانہ طیش میں آگئے اور قیصر کے اہل خانہ پر ٹوٹ پڑے، دونوں پارٹیاں جب گتھم گتھا ہو گئیں تو قیصر نے موقع غنیمت جانا اور رضیہ کو موقع سے لے کر فرار ہو گیا۔