• news

لاہور: ڈاکوئوں نے اداکارہ سنگیتا کو لوٹ لیا، فیروزوالہ میں مزاحمت پر گارڈ قتل

لاہور+ فیروز والا + قصور (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) جوہر ٹائون کے علاقہ میں موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے معروف اداکارہ و فلم ڈائریکٹر سنگیتا کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔ سنگیتا کار ڈرائیو کرتے ہوئے جوہر ٹائون کے علاقہ میں جی ون مارکیٹ کے قریب جا رہی تھیں دو موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے ان کا تعاقب کیا اور انہیں پسٹل دکھا کر روک لیا جس کے بعد ڈاکوئوں نے سنگیتا پر پسٹل تان لیا اور انہیں یرغمال بنا کر پرس، دو موبائل فون لوٹ لئے اور فرار ہو گئے۔ پرس میں 11 ہزار روپے نقدی، شناختی کارڈ، دیگر دستاویزات تھیں۔ اداکارہ سنگیتا نے بتایا انہوں نے ون فائیو پر پولیس کو کال کی مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا جس کے بعد وہ گھر آ گئیں۔ سنگیتا نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے خدارا امن وامان کو برقرار رکھنا ان کی پہلی ترجیح ہونی چاہئیے۔ لگتا ہے یہاں ڈاکو راج ہے کسی کا بھی جان ومال محفوظ نہیں ہے۔  علاوہ ازیں ڈاکوئوں نے جوہر ٹائون میں تصدق کی بیٹی سے 8 لاکھ روپے، مغلپورہ میں شفیق اور اس کی فیملی سے 6لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوئوں نے گلشن راوی میں عامر سے 5لاکھ 55ہزار اور موبائل فون، مانگا منڈی میں کاشف سے 5 لاکھ روپے اور موبائل فون، گارڈن ٹائون میں علی خان سے 3لاکھ، شاہدرہ میں خالد سے 1لاکھ 60 ہزار، ساندہ میں شعیب سے 65ہزار روپے اور موبائل فون، ہنجر وال میں نذر سے 72ہزار روپے اور موبائل فون، نواب ٹائون میں مزمل سے 56ہزار، اچھرہ میں غلام احمد سے 25ہزار، گلشن راوی میں زین سے 18ہزار، ہیئر میں شفیق سے 5ہزار روپے، ڈیفنس سی میں شفاقت سے 4ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے غالب مارکیٹ سے عرفان، نشتر کالونی سے مختار، جوہر ٹائون سے عابد، مصطفی آباد سے وسیم، جنوبی چھائونی سے ظہور، گرین ٹائون سے عامر اشرف، فیصل ٹائون سے معمرکی کاریں جبکہ جوہر ٹائون سے رافع، بھاٹی گیٹ سے رفیق، فیصل ٹائون سے عبدالقیوم، نواں کوٹ سے عمران، اسلام پورہ سے عاصم، اقبال ٹائون سے عمران، ملت پارک سے شاہد، باغبانپورہ سے آصف، کاہنہ سے طارق، ستوکتلہ سے سعید، شاد مان سے خالد، ٹائون شپ سے افتخار، ساندہ سے عامر، شاہدرہ سے عاصم، گلبرگ سے شریف، سبزہ زار سے فاروق کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔گلشن راوی پولیس نے مقابلے میں مبینہ ڈاکو کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس کے مطابق ڈاکو شہری کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے۔ پولیس کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب تین بجے کے قریب 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے تھانہ گلشن راوی کے علاقہ میں شہری تنویر کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کر کے نقدی 45 ہزار اور راڈو گھڑی چھین کر فرار ہو گئے۔ شہری نے 15پر کال کی جس پر پولیس نے بروقت کارووائی کرتے ہوئے کالر شہری تنویر کے شناخت کردہ رستہ پر ڈاکوئوں کا پیچھا کیا۔ پولیس ڈاکوئوں کا پیچھا کرتے قریب پہنچی تو ڈاکوئوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ سے ایک نامعلوم ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا نامعلوم ڈاکو اپنا اسلحہ پھینک کر فرار ہو گیا۔ فیروز والا میں لاہور روڈ پر قلعہ ستار شاہ کے قریب ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر ڈاکوئوں نے گولی مار کر فیکٹری سکیورٹی گارڈ صفدر علی کو قتل کر دیا جبکہ ایک مزدور زخمی ہو گیا ڈاکو لوٹ مار کر کے فرار ہو گئے۔ تعمیراتی سامان کرنے والے فیکٹری کے مزدور اور سکیورٹی گارڈ صفدر علی فیکٹری کے اندر سو رہے تھے چار ڈاکو واردات کر کے اندر گھس آئے جنہوں نے مزدوروں اور سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر لوٹ لیا۔ مزاحمت پر ڈاکوئوں نے سکیورٹی گارڈ کو گولی مار دی۔ لاہور روڈ پر گول پلازہ کے قریب ڈاکوئوں نے ایک فیکٹری کے ملازم ظفر عباس کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی تو ڈاکوئوں نے مزاحمت پر اسے گولی مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ قصور میں تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ کوٹ علی گڑھ میں عبدالمنان کی بیکری میں داخل ہونے والے ڈاکوئوں نے عبدالمنان سے 3 موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ اطلاع پر پولیس نے گھیرائو کر لیا۔ ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں پولیس کا رضا کار مقبول احمد زخمی ہو گیا اور بھاگتے ہوئے اسلحہ چھوڑ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن