• news

دھاندلی کیخلاف احتجاجی تحریک منزل سے چند قدم دور ہے: عمران

لاہور+ راولپنڈی (آئی این پی )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں امن گولی اور بندوق سے نہیں مذاکرات کے ذریعے ہی آسکتا ہے ہم نے ہمیشہ مذاکرات کی حمایت اور فوجی آپریشن کی مخالفت کی ہے‘ دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک کی کامیابی کی منزل صرف چند قدم دور ہے‘ مسلم لیگ ن کو اپنی دھاندلی بے نقاب ہونے کا خدشہ ہے اس لئے 4حلقوں میں ووٹوں کی چیکنگ سے بھاگتی ہے‘ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کے ووٹوں سے نہیں دھاندلی سے قائم ہوئی اور اگر یہ جمہوریت کی مضبوطی اور حکومت کی آئینی مدت پوری کرنا چاہتے ہیں تو دھاندلی کی تحقیقات کروائیں ورنہ ہم خاموش نہیں رہ سکتے‘ (ن) لیگ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل کے حل کیلئے صرف دعوے کر رہی ہے عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہاکہ ہم نے کبھی بھی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی بات نہیں کی لیکن حکمران جمہوریت کو مضبوط بنانے میں سنجیدہ نہیں اور اگر ایسا ہوتا تو یہ ہمارے مطالبے پر دھاندلی کی تحقیقات ضرور کرواتے‘ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ جب تک دھاندلی کے خلاف تحقیقات نہیں ہوںگی اس وقت تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  عمران خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کی نجکاری کے عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، مال بنائو سکیم کے تحت نجکاری کے ذریعے قومی اداروں کی بندر بانٹ کا فیصلہ کیا گیا تو ہر سطح پر احتجاج کریں گے اور ایسے عزائم رکھنے والوں پر واضح کرتے ہیں کہ انہیں قومی اداروں کے حصے بخرے کرنے نہیں دیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن