• news

پنجاب : ترک پولیس افسروں کی فیملیز کے ویزا کی توسیع کے لئے درخواست

لاہور (معین اظہر سے) پنجاب کے محکمہ داخلہ نے ترکی کے پولیس کے افسروں کے ا ہلخانہ کو مزید ایک سال کے ویزا کی توسیع دینے کے لئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے ان افسروں کو مزید ایک سال کے لئے پنجاب میں رکھا جائے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ترکی میں سپیشل آپریشن کورس کے لئے 20 پولیس افسروں کی سلیکشن کے لئے ترکی پولیس کے اعلیٰ افسر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ترکی کے پولیس افسروں کو پنجاب میں پولیس اصلاحات کے لئے بلایا گیا تھا ہوم ڈیپارٹمنٹ ان پولیس افسروں کی دیکھ بھال کر رہا ہے ان کی طرف سے پولیس کی بہتری کے لئے تمام سفارشات کو آئی جی پنجاب نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی وجہ سرد خانے میں ڈال د یا ہے۔ ان افسروں کی فیملیز کو یہاں رکھنے کے لئے حکومت پنجاب ماہانہ لاکھوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ سپیشل برانچ کی ری آرگنائزیشن کے لئے بھی ترکی کے پولیس کے انٹیلی جنس افسروں کی مدد لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ حکومت نے لاکھوں روپے ماہانہ خرچ کر کے لاہور میں پولیس کے نظام میں بہتری کے لئے انہیں رکھا ہوا ہے تاہم ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس افسروں کی چپقلش کی وجہ سے ان کی طرف سے پولیس کے نظام کی بہتری کے لئے بھیجی جانے والی تمام سفارشات کو سردخانے میں ڈال دیا گیا ہے۔ اس پر ان پولیس افسروں کو پنجاب میں مزید ایک سال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہوم سیکرٹری پنجاب کی طرف سے وزارت داخلہ کو جو خط لکھا گیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ 30 جون کو ان پولیس افسروں کا ویزا ختم ہو جائے گا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ افسر پولیس اصلاحات کے لئے یہاں آئے تھے یہ لمبا کام ہے۔ جن افسروں کے ویزا کی توسیع کے لئے کیس بھیجا گیا ہے ان میں ڈاکٹر مصطفٰی اوگرال، ڈپٹی چیف آف پولیس، مسز فادمید اوگرال، اوحان اوگرال، عمر عادل اوگرال، محمت اونال، مسز نلگن اونال، عمر فرخ اونال اور ایسٹا عمر اونال شامل ہیں۔ 9 جون سے ترکی میں شروع ہونے والے سپیشل آپریشن کورس میں پنجاب پولیس کے 20 افسر شرکت کریں گے ان کی سلیکشن کے لئے ترکی کے پولیس افسر ڈاکٹر مصطفٰی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اس کے دیگر ارکان میں ک مانڈنٹ ایلیٹ پولیس فورس، رائے محمد طاہر ڈی آئی جی شامل ہیں۔ یہ کورس 9 جون سے 23 جولائی تک ترکی میں ہو گا۔ سپیشل برانچ کی ری آرگنائزیشن کے لئے 15 جون کو ترکی کا وفد پاکستان آئے گا جس کے لئے ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کو ابتدائی کام کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ واضح رہے ترکی کے پولیس افسروں کی طرف سے پولیس ریفارمز کی سفارشات آئی جی آفس میں پڑی ہیں آئی جی آفس میں افسروں نے نام نہ ظاہر کرنے پر کہا کہ سول بیورو کریسی ترکی کے افسروں کو استعمال کر کے اپنی پسند کے مطابق فیصلے کرا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن