• news

پاکستان نے ایٹم بم تو بنا لیا ہم آج بھی کشکول اٹھائے پھرتے ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے اسلامی تشخص کے تحفظ، ملک کو سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور کرپٹ عناصر سے نجات دلانے اور ملک کے کروڑوں غریب اور مظلوم عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جماعت اسلامی بہت جلد ایک عوامی ایجنڈا لے کر عوام سے بڑے پیمانے پر رابطہ کرے گی۔ علمائے کرام ملک میں اسلام دشمن طاقتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان نے ایٹم بم تو بنا لیا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ہم آج بھی کشکول اٹھائے پھرتے ہیں۔ عوام جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائیں تو مختصر مدت میں پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور جدید اسلامی ریاست میں تبدیل کر دیں گے۔ المرکز اسلامی پشاور میں انجمن علماء اوقاف خیبر پی کے کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو امن کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی نے حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا لیکن حکمرانوں نے ملک میں امن کے قیام کے سنہری موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ آپریشن اور طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے مسائل   مزید پیچیدہ اور گھمبیر ہو جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن