امریکہ کو افغانستان سے انخلاء میں جلدی نہیں کرنی چاہئے: پاکستان
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے خطے کے تمام ممالک اور متعلقہ فریقین کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کو افغانستان سے انخلاء میں جلدی نہیں کرنی چاہئے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ دورہ بھارت اہم موڑ ہے ،مسائل کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ،ہماری حکمت عملی پرامن ہمسائیگی مرکزی حیثیت رکھتی ہے ، مسئلہ کشمیر وہاں کی عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، افغانستان میں امن کیلئے خطے کے تمام ممالک سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں ۔بدھ کو یہاں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طارق فاطمی نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ بھارت اہم موڑ ہے‘ خطے میں یہ ادراک پیدا ہوگیا ہے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ خطے کے ممالک کا ایک دوسرے پر معاشی انحصار بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال کے دوران بارہا دوستانہ تعلقات کا پیغام پہنچایا۔ نریندر نے جب الیکشن جیتا تو وزیراعظم پاکستان نے فوری طور پر مبارکباد دی اور جب ان کی جانب سے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت ملی تو اسے فوری طور پر شرکت کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ بھارت سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہونگے نئی بھارت حکومت کے ساتھ تعمیری اور مثبت تعلقات کے خواہاں ہیں تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے تمام تصفیہ طلب مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے خطے کے تمام ممالک اور متعلقہ فریقوں سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں امریکہ کے افغانستان سے انخلاء میں جلد بازی نہیں ہونی چاہیے۔