نیویارک: پاکستانی کے ہاتھوں بیوی کے قتل کیس کی سماعت، آج فیصلہ متوقع
نیویارک (اے ایف پی) امریکی عدالت میں گذشتہ روز 75 سالہ پاکستانی نور حسین کیخلاف اپنی 66 سالہ بیوی نذر حسین کو قتل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی دوران سماعت عدالت کو وہ تصاویر دکھائی گئیں جن میں مقتولہ کے جسم پر جا بجا تشدد کے نشانات ہیں۔ اس کیس کی سماعت بروکلین سپریم کورٹ کے جج میتھیوڈی ریمک کر رہے ہیں جو آج جمعرات کو مقدمے کا فیصلہ سنا سکتے ہیں۔ جرم ثابت ہونے پر خاوند نور حسین کو 25 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ قتل کا یہ واقعہ 3 اپریل 2011ء کو پیش آیا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں نور حسین نے بیوی کے قتل سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی بیوی کو رات گئے خون کی قے ہوئی اور وہ انتقال کر گئی تاہم بعد میں اس نے بیوی پر تشدد کرنے کا اعتراف کر لیا۔ عدالت میں ملزم کے بیان پر مبنی ویڈیو بھی پیش کی گئی جس میں ملزم نے بتایا کہ میں نے اپنی اہلیہ کو گوشت پکانے کے لئے کہا تھا لیکن اس نے ایسا نہیں کیا جس پر تکرار ہوئی اور میں نے کپڑے دھونے کے ڈنڈے سے اپنی بیوی پر تشدد کیا۔ ایک ہمسائی خاتون سعیدہ خان نے عدالت میں گواہی دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں میاں بیوی میں ہفتے میں ایک یا دو بار لازمی جھگڑا ہوتا تھا اور میں نے دو بار دونوں میں صلح صفائی کی کرائی تھی۔