قائمہ کمیٹی مواصلات کا کاشغر، گوادر موٹروے پر تحفظات کا اظہار، وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے کاشغر تاگوادر موٹروے روٹس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ رکن کمیٹی ہمایوں خان مندوخیل نے کہا کہ گوادر موٹروے کی تعمیر میں پشتون علاقہ کو نظرانداز کیا گیا تو اسلام آباد کا گھیرائو کرکے ڈی چوک کو التحریر سکوائر میں تبدیل کر دینگے۔ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اشرف تارڑ نے بتایا کہ 30 جون تک ملکی شاہراہوں پر ٹول پلازے اپنی تحویل میں لیکر ٹھیکہ داروں کو دیدینگے ۔ این ایل سی سے تمام معاملات طے کرلئے گئے ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں ملکی شاہراہوں کی دیکھ بھال پر 20 ارب پانچ کروڑ روپے کے اخراجات آئے ہیں۔ بدھ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس چیئرمین سردار خان اچکزئی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ایچ اے اشرف تارڑ نے کمیٹی کو بتایا کہ کاشغر گوادر موٹروے روٹس کی تبدیلی این ایچ اے کی مرضی سے نہیں بلکہ چینی انجینئرز کے اعتراض پر تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ این ایچ اے پالیسی ساز نہیں بلکہ پالیسیوں پر عملدرآمد کرتا ہے۔ رکن کمیٹی سینیٹر عابد محمد نے کہا کہ اقتصادی راہداری میں صوبہ خیبر پی کے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔