بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے جاری‘ پانی بھی غائب‘ گرمی سے کئی افراد بے ہوش
لاہور (کامرس رپورٹر + نامہ نگاران+ ایجنسیاں) شہروں اور دیہات میں گزشتہ روز بھی گرمی کے دوران 12 سے 18 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے خلاف لوگ سراپا احتجاج بن گئے اور لاہور، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے بجلی کے بل بھی نذر آتش کئے، کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگ بلبلا اٹھے جبکہ شدید گرمی کے باعث کئی افراد بیہوش ہو گئے۔ این ٹی ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ رہا۔ چک امرو میں گرمی کی شدت سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ یہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹوں تک جا پہنچا، قصبہ نورکوٹ میں لوڈشیڈنگ 20گھنٹے سے بھی تجاوز کر گئی جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تاندلیانوالہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے سے تجاوز کر گیا، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق چنیوٹ شہر میں سورج آگ برسانے لگا، لُو لگنے سے متعدد افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ شہر میں بجلی کی 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔ بجلی اور پانی کی قلت کے خلاف لاہور کے علاقوں لوہاری چوک متی نیا بازار، محمد نگر، شاہ دی کھوئی، سمن آباد جبکہ شرقپور شریف، فیروزوالا، پتوکی اور گوجرانوالہ کے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تین تین گھنٹوں کی مسلسل لوڈشیڈنگ ‘ شہر اوراس کے بیشترعلاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ ایک بار پھرطول پکڑنے لگا ہے تاہم شہری علاقوں میں10 سے 12 ‘دیہی علاقوں میں مسلسل تین تین گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ 14 سے 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کاروباری‘ تجارتی‘ صنعتی‘ گھریلو دفتری امور متاثر ہورہے ہیں۔ ادھر موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے شمالی بالائی پہاڑوں پر برف پگھلنے کا عمل شروع ہو گیا، پہاڑوں پر برف پگھلنے سے دریائوں کے بہائو میں اضافہ ہو گیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں 3ہزار، منگلا ڈیم میں 2ہزار کیوسک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے 15فٹ بلند ہوکر 1393فٹ ہو گئی۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1171فٹ ہے جو ڈیڈ لیول سے 131فٹ بلند ہے۔ ادھر موہنجودوڑ اور جیکب آباد میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موہنجودوڑ اور جیکب آباد میں سب زیادہ درجہ حرارت 49ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے بجلی کی ڈسٹری بیوٹرز کمپنیوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے سے سختی سے روک دیا۔ بدھ کے روز وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے اپنے جاری ہدایت نامے میں تمام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کریں اور جہاں کہیں بھی تعمیراتی کام کی وجہ سے شٹ ڈائون ضروری ہو اس حوالے سے وزارت پانی وبجلی کو بھی آگاہ کیا جائے۔