• news

بجٹ میں وزیراعظم یوتھ سکیم سمیت غریب دوست اقدامات کئے جائینگے: اسحق ڈار

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریبوں کا خاص خیال رکھا جائیگا‘ وزیراعظم یوتھ سکیم و دیگر اقدامات سے غربت میں کمی واقع ہوگی‘ حکومت اپنا اصلاحاتی ایجنڈا آئندہ مالی سال کے دوران بھی جاری رکھے گی۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن اور برطانوی محکمہ بین الاقوامی ترقی کے سربراہ رچرڈ منٹگمری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سے غربت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔ نئے بجٹ میں وزیراعظم یوتھ سکیم سمیت تمام غریب دوست اقدامات کئے جائیں گے اس سے غربت کمی واقع ہوگی۔ رواں مالی سال کے دوران حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈا پر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اسے آئندہ سال بھی جاری رکھا جائیگا۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحق ڈار کے گذشتہ دورہ برطانیہ کے دونوں ممالک کے تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے اسکے نتیجے میں دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ رچرڈ منٹگمری نے کہا حکومت تاجر طبقے کی دوست ہی نہیں بلکہ عوام دوست بھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن