حافظ آباد کا ضمنی الیکشن‘ تحریک انصاف کی نگہت انتصار جیت گئیں‘ کئی جگہ جھگڑے
پنڈی بھٹیاں/ حافظ آباد (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد کے حلقہ پی پی 107 کے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کی نگہت انتصار بھٹی 4 ہزار 930 ووٹ سے جیت گئی ہیں۔ نگہت انتصار بھٹی پہلی بار پنجاب اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی ہیں اور انہوں نے مسلم لیگ ن کے امیدوار سرفراز خان بھٹی کو شکست دی۔ نامہ نگار کے مطابق نگہت انتصار بھٹی کی کامیابی پر رات پنڈی بھٹیاں میں ان کے حامیوں نے ڈھول کے ساتھ جشن منایا۔ نومنتخب ایم پی اے نگہت انتصار بھٹی سابق ایم پی اے میاں انتصار حسین بھٹی کی اہلیہ ہیں اور انہوں نے ایم پی اے منتخب ہو کر بھٹی خاندان کو اپنی کھوئی ہوئی نشست واپس دلا دی ہے۔ ان کے خاوند اس حلقہ سے پانچ بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس بار اس نشست پر مہندی گروپ انصر بھٹی گروپ نے مل کر الیکشن لڑا۔ ٹھٹھہ گاہرا پولنگ سٹیشن کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تحریک انصاف کے رائے حق نواز شدید زخمی ہو گئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پی پی 107کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں 154پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ صبح 8بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے سے 5بجے ختم ہوئی۔ ساکھی، طویلے والی، مڈھوراں کلاں اور پنڈی بھٹیاں شہر کے مختلف پولنگ سٹیشنوں پر پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے بھی ہوئے جبکہ کسیسے پولنگ سٹیشن پر جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے پولیس نے یاسر نامی نوجوان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولنگ سٹیشنوں پر امن و امان کے قیام کے لئے پولیس کے 1629اہلکاروں کے ساتھ رینجرز کے 400اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے جبکہ ڈی سی او منصور قادر، ڈی پی او محمد زبیر دریشک بھی امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ ساکھی پولنگ سٹیشن پر ووٹوں کے تنازعہ پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان اور اُن کے حامیوں نے پریذائیڈنگ آفیسر الطاف حسین کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ طویلے والی میں مسلم لیگ ن کے سردار عرفان ڈوگر اور اُن کے حامیوں نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ ٹھٹھہ گاہرہ میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں مسلح تصادم سے پی ٹی آئی کا کارکن عبدالرئوف فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حافظ آباد میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ عوام نے ضمنی الیکشن میں حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دیدیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار، کارکن اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ثابت ہو گیا کہ 11 مئی کے نتائج ہائی جیک کئے گئے تھے۔