• news

چین کے صنعتی گروپوں سے 4 معاہدوں پر دستخط‘ پاکستانی سرمایہ کار بھی آگے آئیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی مفید معاشی روابط میں تبدیل ہو چکی ہے۔ پاک چین اکنامک کوریڈور کے تحت پنجاب سمیت ملک بھر میں 20 ہزا میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے۔ سیاہ رات ختم ہو چکی ہے اور روشنی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ چند برس میں اندھیرے مکمل چھٹ جائیں گے، زراعت پھلے پھولے گی، معیشت ترقی کرے گی اور صنعت کا پہیہ رواں دواں ہو گا۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو گا۔ اب وقت ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی آگے آئیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیراعلیٰ میںچین کے معروف گروپ شینگ ڈونگ رویائی اور مختلف صنعتی گروپس کے مابین مفاہمت کی 4 یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ وزیراعلیٰ  شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے ہر آنے والے دن میں مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ چین کی حکومت، قیادت اور عوام نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کا منصوبہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم اقدام ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس ٹیکسٹائل پارک میں 200ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی۔ چین کے تعاون سے ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور پلانٹ کے منصوبے کا کل سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ ساہیوال میں کول پاور پلانٹ دسمبر 2016ء میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ چینی گروپ کول پاور پلانٹ کے منصوبے کیلئے تمام سرمایہ کاری خود کر رہا ہے۔ اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ کا بھی 31مئی کو افتتاح کیا جائے گا جس سے 100میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک سے اندھیرے دور کرنے کے لئے ہماری شبانہ روز محنت رنگ لارہی ہے اور چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان کے لئے ایک تحفہ سے کم نہیں جس پر پوری قوم چین کے سرمایہ کاروں کی احسان مند ہے۔ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری کر کے پہل کی ہے جو ان کی پاکستانی عوام سے لازوال محبت کا ثبوت ہے۔ اب وقت ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی آگے آئیں اور ملک و قوم کیلئے سرمایہ کاری کریں۔ پیشتر ازیں ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے معروف گروپ شینگ ڈونگ رویائی اور پنجاب کے مختلف صنعتی گروپس کے مابین مفاہمت کی4 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ شینگ ڈونگ رویائی گروپ، مسعود ٹیکسٹائل ملز اور جے کے سپننگ ملز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر چیئرمین شینگ ڈونگ رویائی ٹیکنالوجی گروپ لمیٹڈ یافو کیو، مسعود ٹیکسٹائل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد نذیر اور جے کے سپننگ ملز کے ڈائریکٹر فائق جاوید نے دستخط کئے۔ شینگ ڈونگ رویائی گروپ اور جے کے سپننگ ملز جوائنٹ وینچر کے تحت رویائی مسعود انڈسٹریل پارک میں 200 ملین میٹر سالانہ کی بیٹک فیبرک پرنٹنگ کا یونٹ قائم کریں گے۔ شینگ ڈونگ رویائی گروپ، مسعود ٹیکسٹائل ملز اور کریسنٹ شوگرملز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر چیئرمین شینگ ڈونگ رویائی ٹیکنالوجی گروپ لمیٹڈ یافو کیو، مسعود ٹیکسٹائل ملز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد نذیر اور کریسنٹ شوگر ملز کے نوید گلزار نے دستخط کئے۔ کریسنٹ شوگر ملز رویائی مسعود انڈسٹریل پارک میں چینی گروپ کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت 20 ہزار پاور لومز کا ویونگ یونٹ لگائے گی۔ شینگ ڈونگ رویائی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ لمیٹڈ کراچی برانچ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے پاک چائنہ اکنامک ڈویلپمنٹ سٹریٹجی کے تحت ٹیکسٹائل اور متعلقہ انفراسٹرکچر کے منصوبوں کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے اور پراجیکٹ ڈویلپمنٹ کوآرڈینیشن گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ شینگ ڈونگ رویائی گروپ اور پاک چائنہ انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے پاک چین اکنامک کوریڈور کے تحت منصوبوں کے حوالے سے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے معروف مینجمنٹ کنسلٹنٹ کمپنی مکینزے کے سربراہ برائے ایشیا ریجن گورڈن کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وسائل قوم کی امانت ہیں اورپنجاب حکومت قومی وسائل کی ایک ایک پائی شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کر رہی ہے۔ وسائل میں اضافے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹیکس وصولی کے نظام کو سہل بنا کر وسائل میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ٹیکس چوری روکنے کے لئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ پنجاب میں ٹیکس نظام میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ ٹیکس وصولی کے نظام میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتری لارہے ہیں۔ ٹیکس وصولی کے محکموں کے اہلکاروں کو جدید تربیت سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ بجلی کی لائن لاسز میں کمی کے لئے مکینزے کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے لائن لاسز اور چوری کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل خاور حنیف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ نوجوانو ںکو منشیات سے دور رکھنے کیلئے مثبت سرگرمیوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں اور یہ عناصر کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔ صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر ڈرگ ٹریفکنگ روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن