شمالی وزیرستان بنوں: فورسز کی 2 گاڑیاں بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئیں‘ 6 اہلکار جاں بحق‘ ہنگو میں فائرنگ‘ لیوی اہلکار سمیت 4 افراد مارے گئے
میرانشاہ+ بنوں + ہنگو (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان اور بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیاں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے باعث 6 اہلکار جاں بحق اور کیپٹن سمیت پانچ زخمی ہوگئے۔ جبکہ ہنگو کے علاقے سپائی میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے لیویز اہلکار سمیت 4 افراد دم توڑ گئے۔ جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ لیویز اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ شمالی وزیرستان کی سرحد نوشیر قلعہ کے قریب پیش آیا جہاں شدت پسندوں نے بارودی سرنگ بچھائی ہوئی تھی۔ سکیورٹی فورسز کی گاڑی گشت کے دوران شدت پسندوں کی بچھائی ہوئی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال پہنچادیا گیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کردیا اور سرچ آپریشن بھی کیا۔ ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے نوشیر قلعے میں سڑک کنارے نصب 2 بارودی سرنگیں پھٹنے سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 3 جوان جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ ادھر بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی گشت کے دوران بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے تین اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ بنوں ایف آر کے علاقے ٹوڈہ چینر میں پیش آیا جس سے تین اہلکار ناصر علی‘ جعفر علی اور مظفر خان موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ کیپٹن عبید اور سپاہی سفارش خان شدید زخمی ہوئے۔ انہیں طبی امداد کیلئے بنوں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ آن لائن کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے ثناء گارڈن میں دستی بموں کی موجودگی کی اطلاع پر صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی اور تین دستی بم ناکارہ بنا دیئے۔ ادھر لوئر تحصیل کے علاقے لعل پورہ کے مقام پر لوگ جنازے سے واپس آرہے تھے کہ شیخان قبیلے کے پہاڑوں سے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ایک لیوی فورس اہلکار شاہنواز علی سمیت 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے۔ جبکہ دوسری جانب جوابی گولہ باری میں ایک حملہ آور موقع پر ہلاک ہوگیا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے آپریشن شروع کردیا اور 12 مشکوک افراد گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔