مظفر آباد: ٹیکسی دریائے نیلم میں جاگری، 4 طالبات جاں بحق
مظفرآباد (ثناء نیوز+ آئی این پی) تھانہ پنجگراں کی حدود میں دیولیاں کے مقام پر ٹیکسی کار دریائے نیلم میں جاگری، کار میں سوار فرسٹ ایئر کی 4 طالبات جاں بحق جبکہ ڈرائیور اور 6 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔ حادثہ سڑک کی خرابی کے باعث پیش آیا، 4 نوجوان طالبات کی نعشیں گائوں پہنچنے پرکہرام مچ گیا ہرآنکھ اشکبار ہو گئی، 2 زخمیوں کو بی ایچ یو پٹہکہ میں شفٹ کر دیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق پٹہکہ نصیر آباد سے ایک پرائیویٹ ٹیکسی کار فسٹ ایئر کا پیپر دیکر جانے والی 4 طالبات کو لے جا رہی تھی کہ دیولیاں کے مقام پر سڑک کی خرابی کے باعث کار دریائے نیلم میں جاگری گاڑی جس سے چار طالبات نازیہ دختر غلام حسین، فضلیت دختر رحمت اللہ، ریحانہ دختر اشفاق اور شہناز زوجہ آصف موقع پر جاں بحق ہوگئیں جنکی نعشیں مقامی افراد نے نکال لیں جبکہ ڈرائیور قمر ولد عبدالرشید اور 6 سالہ بچہ ذہین ولد آصف بھی زخمی ہوگئے جنہیں مقامی طبی مرکز میں داخل کردیا گیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ و امداد باہمی طاہر کھوکھر نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پرانی کھٹارا گاڑیوں کو سڑکوں پر نہ آنے دیا جائے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا۔