دوعیدوں کے حوالے سے عدم پیروی پر خارج درخواست دوبارہ بحال
اسلام آباد(ثناء نیوز) سپریم کورٹ نے ملک میں دو عیدوں کے حوالے سے عدم پیروی کی بنا پر خارج کی گئی درخواست دوبارہ بحال کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ چیف جسٹس تصدیق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے محمد اسلم خاکی کی جانب سے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر درخواست کی بحالی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ یہ درخواست 30 اکتوبر 2006ء میںدائر کی گئی تھی جس میں وفاق، وزارت مذہبی امور، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی، حکومت خیبر پی کے، رویت ہلال کمیٹی پشاور، مولانا فضل الرحمن اور محکمہ موسمیات کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں اتحاد امہ کے حوالے سے آٹھ سوالات اٹھاتے ہوئے استدعا کی گئی ہے بنیادی انسانی حقوق کی اس درخواست پر واضح حکم جاری کیا جائے تاکہ ملت کے اتحاد کو قائم رکھا جا سکے۔