مودی پاکستان اور چین سے اقتصادی تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کریں گے : بھارتی دانشور
اسلام آباد (جاوید صدیق) بھارت کی جواہر لعل یونیورسٹی دہلی کے سکول آف انٹرنیشنل سٹڈیز کے چیئرپرسن ڈاکٹر گلشن سچ دیو نے کہا ہے کہ نئے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کچھ کر گزرنے والے شخص ہیں۔ وہ بھارت کو ایک بڑی طاقت بنانے کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں۔ گزشتہ روز یہاں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام کانفرنس میں شرکت کے بعد نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی دانشور نے وزیراعظم نوازشریف کے دورہ بھارت کو ایک اچھی پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ مودی من موہن سنگھ نہیں۔ وہ ایک متحرک شخصیت ہیں۔ من موہن سنگھ ایک بیورو کریٹ تھے وہ بڑے فیصلے کرنے سے کتراتے تھے لیکن نریندرا مودی ایک دبنگ شخصیت کے مالک ہیں وہ آرام سے نہیں بیٹھیں گے ان کی کوشش ہوگی کہ بھارت کو ایک بڑی اقتصادی طاقت بنائیں گے۔ ڈاکٹر گلشن سچ دیو سے پوچھا گیا کہ پاکستان اور چین کے حوالے سے نریندرا مودی کی کیا پالیسی ہوگی تو انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ملکوں سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ چین کے ساتھ تو بھارت کی تجارت 100ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے۔