• news

خورشید شاہ کی سربراہی میں کابینہ کی سب کمیٹی غیرآئینی ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سید خورشید شاہ کی سربراہی میں کابینہ کی سب کمیٹی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی سفارشات کالعدم کر دی ہیں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے فیصلے میں کہا ہے کہ مختلف محکموں میں مسابقتی عمل اور قواعد و ضوابط کے بغیر بھرتی ہونے والے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی سفارش کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔ مجاز اتھارٹی میرٹ پر پورا اترنے اور قواعد و ضوابط کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین کی جانچ پڑتال کر کے انہیں مستقل کرے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی، محکمہ صحت سمیت دیگر وفاقی اداروں کے پرانے مستقل ملازمین نے سنیارٹی متاثر ہونے کے حوالے سے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔ اس فیصلے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی، محکمہ تعلیم صحت سمیت دیگر محکموں میں مستقل ہونے والے ہزاروں ڈیلی ویجز کنٹریکٹ ملازمین متاثر ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن