• news

نواز شریف بھارت سے کہہ دیں مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر کوئی تجارت نہیں ہو گی: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نریندر مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے‘ پاکستان ایٹمی قوت اور اسکا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ نواز شریف بھارت سے دوٹوک انداز میں کہیں کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر کسی قسم کی کوئی تجارت نہیں ہو گی۔ بھارت سرکار کو خوش کرنے کی بجائے کشمیری و پاکستانی قوم کا اعتماد بحال کیا جائے۔ نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کو متحد کریں گے۔ اسلام دشمن قوتیں نوجوان نسل کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان کھرچنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ طلباء تحریک نظریہ پاکستان میں ہراول دستہ کا کردار ادا کریں۔ وہ المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام جامع مسجد توحید جوہر ٹائون میں سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمرانوں نے بھارت کے دبائو پر اعتماد سازی کو پروان چڑھایا جس سے تحریک آزادی متاثر ہوئی۔ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر کر کنٹرول لائن پر باڑ لگائی اور پختہ مورچے بنائے مگر حکمران بھارت کی ناراضگی سے ڈرتے رہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کشمیریوں کا اعتماد ضائع ہوا۔ انڈیا سے دوستی کی پینگیں بڑھا کر مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ بھارت سے کھری بات کی جائے۔ نہرو نے سلامتی کونسل میں جو وعدے کئے مودی سے کہیں کہ وہ اسے پورا کرے۔ بیک چینل ڈپلومیسی مسائل کا حل نہیں۔ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ مودی کی پالیسی بدل جائے گی وہ غلط فہمی میں ہیں۔ مودی نے نظریہ پاکستان کو ایک بار پھر زندہ کر دیا ہے۔ مسلمان یورپی یونین کی طرح اسلامی یونین بنائیں۔ مشترکہ دفاعی نظام، اپنی تجارتی منڈیاں اور اسلامی سکے بنائیں۔ آپ یہ کام کریں عالم اسلام کے قائد بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی پالیسیوں کی اصلاح کریں۔ نواز شریف نے سارے دبائو و لالچ چھوڑ کر ایٹمی دھماکے کئے ساری قوم انکے ساتھ کھڑی ہوئی تھی۔ آج بھی پاکستان میں زبردست اتحاد کی ضرورت ہے۔ وہی 1998ء والا رویہ انڈیا کے ساتھ اختیار کریں گے تو پورا ملک اسی طرح کھڑا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر انشاء اللہ ڈیموں کے ساتھ پاکستان کا حصہ بنے گا، پھر لوڈشیڈنگ ختم ہو گی اور زراعت و صنعت پروان چڑھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن