مزید 34 سیاسی اور معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثوں کی واپسی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میںسردار ایاز صادق، اسحاق ڈار، جاوید ہاشمی، فاروق ستار، شیخ رشید، نجم سیٹھی، میاں منشائ، عاصمہ جہانگیر، خواجہ شریف، حمزہ شہباز شریف سمیت 34مزید سیاست دانوں اور معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے اور عدالتی نوٹسز کی تعمیل کے لئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان شخصیات نے اربوں روپے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ فریق بنائے گئے چونتیس مزید سیاست دانوں، بیوروکریٹس اور اعلی شخصیات کو عدالت کی جانب سے دو بار نوٹسز بھجوائے گئے مگر عدالتی نوٹس ملنے کے باوجود ان شخصیات نے اپنے جوابات عدالت میں جمع نہیں کرائے جو کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ کا باعث ہے۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا حکم دیا جائے یا کیس کی یکطرفہ کارروائی کا آغاز کیا جائے۔