نااہلی ریفرنس سے متعلق درخواستیں نمٹانے کا مقدمہ نوازشریف، دستی کو فریق بنانے کی درخواست منظور
اسلام آبا د (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے نااہلی ریفرنس سے متعلق درخواستوں کو نمٹانے کے حوالے سے دائر کیس میں وزیراعظم نواز شریف اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو فریق بنانے کی متفرق درخواست منظور کرلی ہے۔ درخواست گزار نے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کی تھی جس میں سیکرٹری وزارت قانون اور سپیکر قومی اسمبلی کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا تھا درخواست گزار نے وزیراعظم نواز شریف اور رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی کی نااہلی کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو ریفرنس بھیجنے سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کو درخواستیں دیں مگر ابھی تک ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ جمشید دستی نے ارکان قومی اسمبلی بشمول خواتین ارکان پارلیمان کی توہین کی ہے جس پر 28 فروری کو سپیکر قومی اسمبلی کو درخواست بھیجی گئی جس کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا حالانکہ سپیکر قومی اسمبلی ایسی درخواست پر 60 دنوں کے اندر نااہلی ریفرنس بھیجنے یا ماملے کو نمٹانے کے پابند ہیں۔ اسی طرح سابق صدر مہران بنک یونس حبیب سے غیر قانونی طور پر 35 لاکھ روپے لینے اور ایوان و عوام کو اعتماد میں لئے بغیر ایک اسلامی ملک سے ڈیڑھ ارب ڈالر لینے پر وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف بھی درخواستیں دی گئیں مگر ان پر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔