• news

2014ء کو ’’برداشت اور رواداری‘‘ کے سال کے طور پر منایا جائے: چیف جسٹس

پشاور (این این آئی) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے سال 2014ء کو ’’برداشت اور رواداری‘‘ کا سال قرار دیا ہے۔ اس ضمن میں چیئرمین خیبر پی کے  جوڈیشل اکیڈمی پشاور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی خصوصی ہدایات پر خیبر پی کی  جوڈیشل اکیڈمی پشاور نے خصوصی پروگرامز ترتیب دیئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پی کے  جوڈیشل اکیڈمی پشاورحیات علی شاہ نے  ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی معاشرے میں تحمل، برداشت اور رواداری کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے شاید کبھی نہیں تھی ۔اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے چیف جسٹس  تصدق حسین جیلانی نے سال 2014ء کو ’’ برداشت اور رواداری‘‘ کے سال کے طور پرمنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل اکیڈمی پشاور کے زیر اہتمام ’’برداشت اور رواداری ‘‘ کے موضوع پر دانشوروں کے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا جس میں معاشرے کے مختلف صاحب الرائے حضرات شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس موضوع پر یونیورسٹیوں اور ان سے منسلک کالجوں کے پوسٹ گریجویٹ طلباء کے مابین  مذاکرے اور مضمون نویسی کے مقابلے کا اہتمام بھی کیاجائے گا جس میںموثر اور بہترین مضمون نویس کو خصوصی انعامات دیئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن