ایپکا کی کال پر کلرکوں کا مطالبات کے حق میں احتجاج، مظاہرہ، ماتم
لاہور (سپیشل رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر پنجاب چوہدری محمد افضل کی کال پر گزشتہ روز ملک بھر کے کلرکوں نے دفاتر اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر مطالبات منظور نہ کرنے پر زبردست احتجاجی مظاہرہ اور حکمرانوں کے خلاف ماتم کیا۔ لاہور میں محکمہ ایریگیشن مغلپورہ میں احتجاجی جلسہ کیا گیا اور بعد میں جلوس مرکزی چیئرمین محمد سلطان مجددی، چوہدری محمد افضل، ڈویژنل صدر لاہور چوہدری عبدالشکور، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ندیم چغتائی کی قیادت میں مال روڈ سے ہوتے ہوئے اسمبلی ہال کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد افضل نے کہا تنخواہوں میں 10یا 15فیصد اضافہ کی تجویز مسترد کر دی گئی، حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ تمام ایڈہاک الائونسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نئے پے سکیل بنائے جائیں، ہائوس رینٹ، میڈیکل الائونس اور کنوینس الائونس میں بھی اضافہ کیا جائے۔ ندیم چغتائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت اپنی عیاشیوں اور غیر ملکی دورں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے مگر غریب ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے لئے ان کے پاس کچھ بھی نہیں اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو ملک بھر کے سرکاری ملازمین سڑکوں پر دما دم مست قلندر اور دفاتر کو بند کر کے سرکاری مشینری کو مفلوج کر دیں گے۔