• news

بیت المقدس کی حقیقی شناخت کے تحفظ کیلئے 6 جون کو 42 ممالک میں جلسوں اور ریلیوں کا اعلان

عمان (اے این این) انسانی حقوق کی تنظیموں اور مقبوضہ بیت المقدس کے تحفظ کے لئے سرگرم بین الاقوامی اداروں نے چھ جون کوتحفظ القدس کے حوالے سے دنیا کے  42 ممالک کے  80  شہروں میں اور فلسطین بھر میں جلسے جلوس اور ریلیوں کا اعلان کیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القدس مارچ کمیٹی کے چیئرمین اور عرب انجینئر یونین کے سربراہ عبداللہ عبیدات نے عمان میں  پریس کانفرنس کے دوران القدس کے تحفظ کے لئے نکالے جانے والے جلسے جلوسوں، ریلیوں اور مارچ کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ چھ جون کو بیت المقدس کے تحفظ کے لئے فلسطینی شہروں غزہ کی پٹی، مغربی کنارے، شمالی اور جنوبی فلسطین میں  1948  کے دوران صہیونی قبضے میں جانے والے علاقوں کے باشندے القدس کی طرف مارچ کریں گے۔ اس کے علاوہ مقبوضہ بیت المقدس کے خلاف اسرائیلی سازشوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے کیلئے مختلف براعظموں کے  42 ملکوں کے  80 بڑے شہروں میں بھی تحفظ القدس ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔عبداللہ عبیدات نے بتایا کہ مارچ کمیٹی میں ان کے ساتھ  دنیا بھر سے ہزاروں افراد شریک ہیں جن میں 18 عالمی شخصیات بھی شامل ہوچکی ہیں۔ ہم سب مل کر چھ اور سات جون کو بیت المقدس کے خلاف جاری صہیونی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے مارچ کریں گے۔ اس سلسلے میں اہم ترین احتجاجی مظاہرے اردن، الجزائر، مراکش، لیبیا، تیونس، ترکی، انڈونیشیا، ملائیشیا، یورپ کے دس ملکوں، لاطینی امریکہ اور ان ملکوں میں جہاں اسرائیلی سفارت خانے قائم ہیں القدس کے تحفظ کے لئے مارچ کئے جائیں گے اور مقدس شہر کے حوالے سے قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انجینئر  عبیدات نے کہا کہ ہماری اس کاوش کا اصل مقصد مقبوضہ بیت المقدس کی اسلامی اور مسیحی مذہبی شناخت مٹانے کے لیے جاری صہیونی سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن