اسلام آباد میں احتجاجی مارچ، گرمی سے 4 اساتذہ بے ہوش ہو گئے
اسلام آباد+ کراچی (ثناء نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد میں متحدہ اساتذہ محاذ نے اپنے مطالبات کے حق میں مارچ کیا۔ اس دوران گرمی سے 4 اساتذہ بے ہوش ہو گئے۔ بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا گیا۔ ملک بھر سے آئے ہوئے اساتذہ نے پولی کلینک ہسپتال سے نیشنل پریس کلب تک مارچ کیا۔ اساتذہ نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کی قیادت بلوچستان سے محمد نواز جتک، سندھ سے سکندر علی جتوئی، آزاد کشمیر سے سید نذیر حسین، خیبر پی کے سے خیراللہ حواری، پنجاب سے محمد صفدر اور غلام محی الدین نے کی۔ اساتذہ کا مطالبہ تھا کہ بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت سے مذاکراتی کمیٹی کے رکن مظاہر شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کی تمام جامعات کے اساتذہ کے مطالبات منظور کر لئے گئے ہیں۔ حکومت کو 10 نکاتی ایجنڈا دیا گیا تھا حکومت نے 8 نکات کو مان لیا ہے۔