حکومت پہلے مالی سال میں معاشی ترقی کا ہدف پورا نہ کر سکی: اقتصادی سروے
اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اقتصادی سروے کے مطابق حکومت پہلے مالی سال میں اقتصادی ترقی کا ہدف پورا نہیں کر سکی اور اقتصادی ترقی کا ہدف 4.4 فیصد کے مقابلے میں 4.1 فیصد رہا جبکہ افراط زر 8.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں جولائی تا اپریل 8.7 فیصد رہا۔ نجی ٹی وی کے مطابق قومی اقتصادی سروے دو جون کو جاری کو ہوگا اس کے نمایاں خدوخال کے مطابق جولائی تا اپریل کھانے پینے کی اشیاء 9.3 فیصد مہنگی، زرعی شعبے کی ترقی 3.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں 2.1 فیصدرہی جبکہ اہم فصلوںکی پیداوار میں 3.71 فیصد اضافہ ہوا۔ سال کے آخر تک افراط زر کی اوسط شرح 8.8 فیصد تک رہنے کا امکان ہے رواں مالی سال کے ٹیکس محاصل ابتدائی دس ماہ میں 1745 ارب روپے رہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ 16 فیصد اضافہ ہے، ڈائریکٹ ٹیکسز 698 ارب روپے جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسز 1087ارب روپے جمع کئے گئے۔ صنعتی شعبے نے 5.8 فیصد کی شرح میں ترقی کی۔ رواں مالی سال کرنٹ خسارہ 2.26 ارب ڈالر تجارتی خسارہ 16.1ارب ڈالر ترسیلات زر 15.3 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔