اسلام آباد: تحریک انصاف کے کارکنوں کا مبینہ دھاندلی کے خلاف مظاہرہ، پولیس نے الیکشن کمشن کی طرف سے جانے سے روک دیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے گزشتہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف گزشتہ روز نادرا چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور 4 حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات سے ووٹوں کی تصدیق کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین الیکشن کمشن کی عمارت تک جانا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انہیں نادرا چوک سے آگے نہیں جانے دیا۔ مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کی۔ پولیس سے مذاکرات کے بعد پی ٹی آئی کے مظاہرین نے نادرا چوک سے آگے جانے کی بجائے وہیں نعرے بازی اور تقاریر کے بعد پُرامن طورپر منتشر ہونے کا فیصلہ کیا۔ مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انتخابی دھاندلیوں اور الیکشن کمشن کی جانبداری کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیریں مزاری، سیف اللہ نیازی اور دیگر نے کہا کہ ہماری تحریک مطالبات تسلیم کئے جانے تک جاری رہے گی اور آج ہم پر امن طورپر منتشر ہو رہے ہیں لیکن آئندہ بڑی قوت سے آئیں گے اور الیکشن کمشن کے باہر دھرنا دینگے۔ ریلی کے شرکاء نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے الیکشن کمشن کی جانب جانے کی کوشش کی لیکن اس مرتبہ پولیس بھی مکمل تیاری کے ساتھ ریڈ زون میں موجود تھی اور الیکشن کمشن جانے والے راستوں کو کنیٹنرز لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے الیکشن کمشن کا تابوت بھی نذر آتش کیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔ مظاہرے سے خطاب کے دوران تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا چار حلقوں میں نتائج کی انگوٹھے کے نشانات کے ذریعے جانچ سے انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والی حکومت اور اسکے مینڈیٹ کی حقیقت کھل جائے گی۔ دھاندلی کی ذریعے اقتدار حاصل کرنے والی حکومت عوام دشمن پالیسیاں اختیار کئے ہوئے ہے جن سے ملک اور قوم کا مستقبل خطرے میں ہے۔ چنانچہ عوام اپنا اور آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کی خاطر گھروں سے نکلیں۔ انہوں نے کہا 11مئی کو جمہوریت اور بدعنوان دشمن عناصر کی جانب سے پولنگ اسٹیشنوں پر دھاوا بولا گیا، انتخابی سامان غائب کیا گیا، نتائج بدلے گئے اور جھوٹ اور دولت کے بے دریغ استعمال سے انتخابات کی پوری ساکھ دائو پر لگا دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے دھاندلی پر سے پردہ ہٹانے کیلئے ایک برس تک ہر قانونی اور آئینی راستہ اختیار کیا تاہم ہمارے مطالبات کو سرد خانے کی نذر کیا گیا۔