پنجاب حکومت محاصل کی وصولی کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام
لاہور (احسن صدیق) پنجاب کے آئندہ مالی سال 2014-15ء کے بجٹ میں صوبائی محاصل کی وصولی کا ہدف ایک کھرب 52 ارب 4 کروڑ 34 لاکھ روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے صوبائی محاصل کی وصولی کیلئے تجویز کیا جانیوالا بجٹ رواں مالی سال 2013-14ء کیلئے صوبائی محاصل کی وصولی کیلئے مقرر کردہ ایک کھرب 26 ارب 70 کروڑ 28 لاکھ روپے کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زائد ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ رواں مالی سال کے دوران صوبائی محاصل کی ہدف کے مقابلے میں کم وصولی کئے جانے کے پیش نظر کیا گیا۔ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال جولائی سے مارچ 9 ماہ کیلئے صوبائی محاصل کی وصولی کا ہدف 95 ارب 2 کروڑ 71 لاکھ روپے مقرر کیا تھا لیکن ٹیکس اکٹھا کرنیوالے ادارے صرف 71 ارب 50 کروڑ 46 لاکھ 54 ہزار روپے کے صوبائی محاصل اکٹھے کر سکے جو صوبائی محاصل کی وصولی کے ہدف کے مقابلے میں 24.6 فیصد کم ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال صوبائی محاصل اکٹھا کرنیوالے اداروں کی استعدادِ کار کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدام کئے جائیں گے۔