حکومت کیخلاف اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی
اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی)ذمہ دار ذرائع کے مطابق نوازشریف حکومت گرانے کیلئے اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بنانے کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوں گی۔ پیپلز پارٹی نوازشریف حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی۔ اپوزیشن کے مجوزہ گرینڈ الائنس میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کو ایک میز پر بٹھانا سیاسی لحاظ سے انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو ایک ’’صفحہ‘‘ پر اکٹھا کرنے کے خواہشمند عناصر اگست تک ایک بڑا الائنس بنوا کر نوازشریف حکومت کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں پہلے مرحلے پر عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر القادری اور (ق) لیگ کے رہنما چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں گے۔اگلے مرحلے میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو قریب تر کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔جماعت اسلامی اس صورتحال سے بالکل الگ تھلگ ہے وہ کسی قوت کا آلہ کار نہیں بننا چاہتی۔ تحریک انصاف رمضان المبارک کے بعد اگست میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی کال دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔عمران خان‘ دیگر سیاسی جماعتوں کی امداد و تعاون کے بغیر اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے نہیں بڑھا سکتے۔