فول پروف انتخابی عمل، الیکشن کمشن کو خودمختاری، مالی اختیارات دینے کی تجویز
لاہور (فرخ سعید خواجہ) الیکشن کمشن نے آئندہ انتخابات کو شفاف تر بنانے کیلئے ماضی میں عام انتخابات سمیت 2013ء کے الیکشن کے دوران ’’کمشن‘‘ کے زیرانتظام عملے کی کوتاہیوں کا جائزہ لے کر مستقبل میں انتخابات کے بہتر انداز میں انعقاد کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمشن میں سیاسی پارٹیوں کی رجسٹریشن سے لے کر انتخابی عملے کے چنائو تک کے معاملات کو غلطیوں سے بچایا جائے گا۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن کو مکمل آزاد و خودمختار بنانے کیلئے مالی و انتظامی اختیارات دینے کی تجویز حکومت کو دی جا رہی ہے۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن میں الیکشن کمشن نے ضرورت سے زیادہ نرمی کا مظاہرہ کیا۔ رجسٹرڈ 270 سیاسی جماعتوں میں تحریک تحفظ پاکستان کے نام سے 2 جماعتیں رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں سے ایک کے چیئرمین ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر ہیں جبکہ دوسری کے چیئرمین سید بشیر احمد شاہ ہیں۔ دونوں جماعتیں سیریل نمبر 263 اور 264 پر رجسٹرڈ ہیں۔ اس طرح تحریک استقلال پہلے سے رجسٹرڈ تھی جس کے صدر رحمت خان وردگ ہیں لیکن تحریک استقلال پاکستان کے نام سے دوسری جمجاعت بھی رجسٹرڈ کر لی گئی ہے جس کے صدر محمد اکرم ناگرہ ایڈووکیٹ ہیں۔