• news

امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے کی کوشش کر رہا ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں شکست کے بعد براہ راست مہم جوئی کی بجائے اپنی جگہ بھارت کی فوجوں کو وہاں متعین کر رہا ہے، بھارت کو اس خطہ کا تھانیدار بنانے کی کوششیںکی جارہی ہیں۔ پاکستان پر بھارت کی سپرمیسی قبول کرنے کیلئے دبائو ڈالا جارہا ہے۔ امریکہ اور یورپ مصر اور بیروت کی طرح پاکستان میں بھی فحاشی و عریانی کو پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہے ہیں۔ عوام اور فوج کے درمیان نفرتیں پیدا کی جارہی ہیں۔ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں۔ دشمنان اسلام کی یلغار کے آگے بند باندھنے کیلئے پوری قوم کو متحد و بیدار ہونا ہو گا۔ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی پاکستان سے انتقام لینے کیلئے بھارت کی فوج کو استعمال کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں بھارتی فوجی افغانستان پہنچ چکے ہیں اور اس تعداد کو مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔ بھارت میں نریندر مودی اور افغانستان میں عبداللہ عبداللہ کو منظم منصوبہ بندی کے تحت اقتدار میں لایا گیا ہے۔ وہ مشرق و مغرب میں پاکستان کیلئے خطرات کھڑے کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ امریکہ و یورپ کی کوشش ہے کہ سارک ممالک غاصب بھارت کے زیر اثر ہوں۔ وہ ان ممالک کی پالیسیاں بنائے اور جنوبی ایشیاکے سب ملک اس کی بنائی گئی پالیسیوں پر عمل درآمد کریں۔ وزیر اعظم نوازشریف کو ان حقائق کو سمجھنا چاہیے اور ماضی میںکی جانے والی غلطیوںکی اصلاح کرکے ملکی سلامتی و خودمختاری کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بنتے ہی ہندو انتہا پسند جہاں مسلم کش فسادات کا سلسلہ پروان چڑھا رہے ہیں وہیں اذان فجر پر یہ کہہ کر پابندی کے مطالبات کئے جارہے ہیںکہ اس سے ہماری نیند خراب ہوتی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے اسلام و پاکستان دشمنی کی بنیاد پر انتخابات لڑے۔ گائے کے ذبیحہ پر پابندی اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیرکے اعلانات کئے گئے۔ ہندو انتہا پسند سرکاری سرپرستی میں مسلمانوں کا قتل عام اور ان کے مذہبی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔ حکمران ملک میں اسلامی شریعت نافذ کریں، مظلوم مسلمانوں کی آزادیوں و تحفظ کیلئے کردار ادا کریں اللہ تعالیٰ پاکستان کو مشکلات سے نکالے گا اور اسلامی پاکستان انشاء اللہ عالم اسلام کی قیادت کرنے والا ملک بنے گا۔ نشتر کالونی گرائونڈ میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو جس طرح میدانوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اسی طرح ان کی سیاست بھی تباہی سے دوچار ہو گی۔ مسلمانوں کے مقابلہ میں اللہ کے دشمنوں کی تمام تدبیریں ناکام ہو رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن